ملک میں کاروں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ (جولائی تا دسمبر 2023ء) میں سالانہ بنیادوں پر 56 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
آل پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ (جولائی تا دسمبر 2023ء) میں ملک میں کاروں کے 30 ہزار 662 یونٹس فروخت ہوئے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 56 فیصد کم ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ملک میں 68 ہزار 912 کاریں فروخت ہوئیں، دسمبر 2023ء میں ملک میں 4 ہزار 916 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو دسمبر 2022ء کے 13 ہزار 780 یونٹس کے مقابلے میں 64 فیصد کم ہیں۔
آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق نومبر 2023ء کے مقابلے میں دسمبر 2023ء میں کاروں کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر ایک فیصد کی نمو ہوئی، نومبر میں ملک میں 4 ہزار 875 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو دسمبر میں بڑھ کر 4 ہزار 916 یونٹس ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق ہونڈا سوک اور سٹی کی رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 3 ہزار 938 یونٹس فروخت ہوئے جو جولائی تا دسمبر 23-2022ء کے 8 ہزار 906 یونٹس کے مقابلے میں نصف سے بھی کم ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹویوٹا کرولا اور یارس کی فروخت بھی 56.24 فیصد گر گئی، جو گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 12 ہزار 65 تھی جو رواں مالی سال جولائی تا دسمبر 5 ہزار 279 یونٹس رہی۔
رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سوزوکی سوئفٹ کی فروخت میں 68.75 فیصد گر گئی جو گزشتہ مالی سال 7 ہزار 136 سے کم ہوکر رواں سال 2 ہزار 230 یونٹس رہ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سوزوکی کلٹس کی فروخت رواں مالی سال 1908 یونٹس رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 5 ہزار 143 یونٹس رہی تھی، سوزوکی ویگن آر کی فروخت بھی 3 ہزار 769 یونٹس کے مقابلے میں 1829 یونٹس رہی۔
سوزوکی آلٹو کی فروخت میں 50.69 فیصد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، جو 27 ہزار 61 یونٹس کے مقابلے میں 13 ہزار 614 یونٹس پر آگئی۔ اسی طرح سوزوکی بولان کی فروخت بھی 2 ہزار 436 یونٹس کے مقابلے میں 1179 یونٹس رہ گئی۔