لاہور کے صوبائی حلقہ پی پی 149 کے سابق بلدیاتی نمائندوں نے عام انتخابات 2024 کے لئے صدر استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) عبدالعلیم خان کی حمایت کا اعلان کردیا۔
آئی پی پی کی جانب سے ٹکٹوں کی تقسیم کےساتھ ہی شہر میں انتخابی سرگرمیاں شروع ہوگئیں ہیں اور اس حوالے سے پی پی 149 میں کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جہاں سابق بلدیاتی نمائندوں نے پارٹی صدر عبدالعلیم خان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔
حاجی تسنیم شفیع، نورجہاں، اکرام کمبوہ اور ابوالحسن جھیڈو عبدالعلیم خان کی انتخابی مہم میں شامل ہوگئے جبکہ پی پی 149 میں شہریوں نے عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
اس موقع پر پارٹی رہنما شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ بہتر مستقبل کیلئے عقاب کا نشان ترقی و خوشحالی کی پہچان ثابت ہوگا، عبدالعلیم خان کی گزشتہ 20 برسوں کی محنت اور خدمت کا ہر شہری معترف ہے۔
شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ علاقے میں واٹر فلٹریشن پلانٹس، فری ڈسپنسریاں اور مختلف فلاحی منصوبے جاری ہیں۔