پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 163 سے پارٹی امیدوار کو تیر کا نشان الاٹ نہ ہونے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھ دیا۔
پیپلزپارٹی کے مرکزی الیکشن سیل کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو لکھا گیا ہے کہ فیاض بھٹی نے 12 جنوری کو پارٹی کا ٹکٹ ریٹرننگ آفیسر ( آر او ) کو جمع کرایا جس پر ریٹرننگ افسر نے تیر کے بجائے انہیں کیتلی کا نشان دے دیا ہے۔
خط میں لکھا گیا کہ فیاض بھٹی کو آزاد امیدوار قرار دینا انتخابی عمل پر خدشات کو جنم دیتا ہے۔
الیکشن سیل کے انچارج اور پیپلز پارٹی رہنما تاج حیدر نے کہا کہ یہ پی پی پی کے امیدوار کو کمزور کرنے کی دانستہ کوشش ہو سکتی ہے، پی پی 163 کیلئے فیاض بھٹی کو تیر کا نشان الاٹ کیا جائے۔
پیپلز پارٹی کے انچارج مرکزی الیکشن سیل کا کہنا ہے یہ تحقیق بھی کرنی چاہئے کہ واقعہ کیسے پیش آیا؟