حماس کی قید میں موجود اسرائیلی مغویوں کو ادویات کی فراہمی سے متعلق حماس اور اسرائیل کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدہ قطر کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں طے پایا، جس کے تحت حماس یرغمال اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں کو علاج کی سہولت دے گا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق معاہدے کے تحت اسرائیل غزہ کیلئے امداد میں ادویات اور دیگر اشیاء کی مقدار بڑھا دے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ پٹی میں ایک بار پھر مکمل کمیونی کیشن بلیک آؤٹ کردیا گیا، اسرائیلی بمباری کی وجہ سے غزہ میں انٹرنیٹ اور ٹیلی کام سروسز معطل ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ اور فلسطینی علاقوں پر وحشیانہ بمباری کا آج 99واں روز ہے۔
دوسری جانب غزہ وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں 23 ہزار 708 فلسطینی شہید اور 60 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔