الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انتخابی نشان کی بحالی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کردی۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی اپیل کو ڈائری نمبر بھی الاٹ کردیا۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ آئین اور قانون کے خلاف ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ پر آزاد امیدواروں کی فہرست اپڈیٹ کردی گئی۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انتخابی نشان بلے کو آزاد امیدواروں کی فہرست سے نکال دیا ہے۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس میں مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے تحریک انصاف کا انتخابی نشان بلا بحال کر دیا ہے۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس سید ارشدعلی نے انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی جس کے بعد عدالت عالیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کا 22 دسمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا۔