جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران پولٹری آئٹمز کی قیمتوں میں 30 فیصد اضافہ ہوگیا، مرغی کا گوشت
سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مارکیٹ سروے کے مطابق جڑواں شہروں میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران چکن کی قیمتوں میں 30 فیصد جبکہ انڈوں کی قیمت میں 33 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا۔
سروے میں بتایا گیا ہے کہ پچھلے ہفتے تک جڑواں شہروں میں زندہ مرغی کی قیمت 420 سے 440 روپے فی کلو کے درمیان تھی جبکہ مرغی کا گوشت 680 سے 700 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا تھا اور انڈوں کی قیمت 390 سے 405 روپے کے درمیان تھی۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن (پی پی اے) چوہدری محمد اشرف نے بتایا کہ پولٹری کی موجودہ قیمتوں میں اضافہ طلب اور رسد کے مسائل کی وجہ سے ہوا ہے، ملک بھر میں پولٹری بزنس ان پٹ اور کاروبار کرنے کی لاگت میں اضافہ دیکھا گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ بحران کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران سے ملک میں چکن کے کاروبار سے وابستہ بہت سے لوگ متاثر ہوئے ہیں اور خاص طور پر چھوٹے کاروبار اور پولٹری فارمز بند ہوگئے ہیں، موجودہ معاشی بحران سے چاروں صوبوں بشمول پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں پولٹری کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔
چوہدری اشرف کا کہنا ہے کہ ملکی معاشی حالات کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک سے درآمد کئے جانے والے سویا بین سمیت پولٹری فیڈ کے اجزاء مہنگے ہوگئے ہیں، سویابین کے بہت سے جہاز کراچی بندرگاہ پر رک گئے ہیں جس کا پولٹری کی قیمتوں پر ناگزیر اثر پڑا ہے۔
پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن (پی پی اے) نے چکن کی قیمتوں میں مزید اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس موقع پر پولٹری فیڈ کے صنعتکار اور راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر حمزہ سروش نے کہا کہ سویا بین پولٹری فیڈ کے بنیادی اجزاء میں شامل ہے، پولٹری فیڈ کیلئے سویابین امریکا، برازیل اور ارجنٹائن سے درآمد کیا جاتا ہے۔