کرکٹ آسٹریلیا نے آئندہ ماہ ویسٹ اندیز کے خلاف شیڈول ہوم ون ڈے سیریز کے لئے مایہ ناز بلے باز سٹیون سمتھ کو قومی مینز کرکٹ ٹیم کا کپتان نامزد کر دیا ہے۔
عالمی چیمپئنز آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے لیے پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور مچل سٹارک کو آرام کی غرض سے ٹیم میں سامل نہیں کیا ہے۔
مایہ ناز آل راؤنڈر پیٹ کمنز کی جگہ سٹیون سمتھ کو کالی آندھی کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لئے کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ سلیکٹرز نے آل راؤنڈر مچل مارش کو بھی ریسٹ دینے کی غرض سے ون دے سکواڈ میں شامل نہیں کیا ہے ان کے علاوہ مارکس سٹونیس کو بھی سکواڈ سے باہر رکھا گیا ہے۔
بھارت کے خلاف ورلڈ کپ 2023فائنل میں میچ کا بہترین کھلاڑی کا اعزاز پانے والے ٹریوس ہیڈ کو سٹیون سمتھ کا نائب کپتان نامزد کیا گیا ہے۔ فاسٹ باؤلر لانس مورس کو 13 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے اور وہ اپنا ڈیبیو کرنے کے لیے تیار ہیں۔ نیتھن ایلس، آل راؤنڈر ایرون ہارڈی اور ٹاپ آرڈر بلے باز میتھیو شارٹ بھی ون ڈے سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 2 فروری کو ایم سی جی میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ 4 فروری کو سڈنی جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 6 فروری کو کینبرا میں کھیلا جائے گا۔