سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ایک اہم ملاقات میں استعفیٰ کی پیشکش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن شدید علیل ہوگئے، عمر حمید نے علالت کے باعث کام کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن قریب ہیں،بیماری کے باعث کام متاثر ہوسکتا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات عمر حمید نے کہا کہ استعفی دے دیتا ہوں تاکہ انتخابات میں تعطل نہ آئے تاہم سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ مکمل آرام کریں،صحت یابی تک علاج کرائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید پھیپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا ہیں۔
اس سے قبل یہ خبریں بھی زیرگردش تھی کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تاہم سیکرٹری الیکشن کمیشن نے تاحال تحریری استعفی نہیں بھجوایا۔
یاد رہے کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی دو سالہ مدت ملازمت گزشتہ برس جولائی میں ختم ہوئی تھی تاہم چیف الیکشن کمشنر نے ان کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی تھی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری کو ملک بھر میں عام انتخابات کا اعلان کر رکھا ہے اور اس وقت کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد درخواستوں پر فیصلے کیے جا رہے ہیں۔