لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح سے لگنے والی بارش تاحال جاری ہے جس سے متعدد نشیبی علاقوں کے ساتھ ساتھ پوش علاقے بھی پانی میں ڈوب گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہورمیں صبح سویرے شروع ہونے والی بارش کاسلسلہ تاحال جاری ہے، جس سے شہر کے مختلف سڑکیں مکمل طور پر زیر آب آگئیں۔ اسکول اور دفاتر جانے والے افراد کوپریشانی کا سامنا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلبرگ، جیل روڈ، کلمہ چوک، گارڈن ٹاؤن کے اطراف میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی، سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ کے اطراف77ملی میٹرریکارڈ ہوئی، گلبرگ60ملی میٹر،تاجپورہ32،نشترٹاؤن میں30ملی میٹربارش ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور کے ساتھ ساتھ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جس سےموسم خوشگوارہوگیا۔
پنجاب کے علاقے شکرگڑھ ، پھولنگر، بورے والا، رینالہ خورد، پتوکی، حافظ آباد، ننکانہ صاحب میں بھی بادل جم کربر سے جس سے درجہ حرارت میں کمی ہوئی اورگرمی اورحبس کاخاتمہ ہوا۔
بارش کے بعد سے متعدد علاقوں میں بجلی کے فیڈزرٹرپ کرگئے جس سے بجلی کی فراہمی معطلی رہی جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے عوام کو مشکلات کاسامنارہا۔ محکمہ موسمیات کےمطابق ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کاسلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے
کراچی میں آج بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بھی آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کراچی شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے۔