پاکستان کو آخری لمحات میں پیرس اولمپکس ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کی اجازت مل گئی۔
اولمپک ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ میں ٹیم کی انٹری بھیجنے کی آخری تاریخ یکم جنوری تھی، پاکستانی ہاکی فیڈریشن نے یکم جنوری کو ہی انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) سے رابطہ کرکے ایک دن کی توسیع لی اور فوری ٹرائلز کراکے پاکستان ٹیم کی انٹری کرادی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کاوش رنگ لے آئی اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پاکستان ہاکی اسکواڈ کی اولمپک کوالیفائر ایونٹ میں شرکت کی تصدیق کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پی ایچ ایف ایگزیکٹو سیکریٹری علی عباس کے بروقت ٹیم انٹری بھجوانے کے عمل کو بھی سراہا گیا۔ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن میر طارق حسین بگٹی کی جانب سے صدر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن طیب اکرام کا ٹیم کے ایونٹ میں شرکت کی تصدیق پر شکریہ ادا کیا گیا۔
صدر پی ایچ ایف میر طارق حسین بگٹی کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور اس کے صدر طیب اکرام کا خصوصی طور پر مشکور ہوں کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان ہاکی کا ساتھ نبھایا اور ہرممکن معاونت کی۔
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم اولمپک کوالیفائر ایونٹ میں شرکت کیلئے ممکنہ طور پر 12 جنوری کو مسقط کیلئے روانہ ہوگی، 15 تا 21 جنوری کھیلے جانے والے اولمپک کوالیفائر میں گرین شرٹس پول اے میں شامل ہے، جس کی دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، ملائیشیا اور چین ہیں جبکہ پول بی میں جرمنی نیوزی لینڈ، کینیڈا اور چلی شامل ہیں۔
پاکستان کے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان
اولمپک گیمز کوالیفائر کیلٸے 18رکنی ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا گیا، عماد شکیل بٹ قومی اسکواڈ کی قیادت کریں گے، ابوبکر محمود وائس کپتان ہوں گے۔
دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ اشتیاق، وقار، ارباز احمد، محمد عبداللہ، سفیان خان، مرتضیٰ یعقوب، عبدالمنان، عقیل احمد، معین شکیل، سلمان رزاق، عبدالحنان شاہد، غضنفر علی، عبدالرحمٰن جونیئر، زکریا حیات، رانا عبدالوحید اشرف اور ارشد لیاقت شامل ہیں۔
قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ، کوچ شکیل عباسی، اسسٹنٹ کوچ دلاور حسین، امجد علی گول کیپر کوچ ٹیم مینجمنٹ میں شامل ہیں۔