سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نے نئے بانڈز کے اجراء سے جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 950 ارب روپے کی بچتوں کا ہدف عبور کرلیا۔
سی ڈی این ایس کے ایک عہدیدار نے اے پی پی کو بتایا کہ ادارے نے یکم جولائی سے 31 دسمبر 2023ء تک کی مدت میں نئے بانڈز کے اجراء سے مجموعی طور پر 1.6 کھرب روپے کی بچتیں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مالی سال 22-2021ء میں ادارے نے 1300 ارب روپے کی بچتیں حاصل کی تھیں، جاری مالی سال کیلئے سی ڈی این ایس نے بچتوں کے حوالے سے پر جوش اہداف مقرر کئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں بچتوں کے فروغ کیلئے اختراعی طریقہ اختیار کیا گیا ہے، سی ڈی این ایس نے اے ٹی ایم کی سہولت بھی فراہم کی ہے جس سے صارفین کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ بچتوں کے فروغ کیلئے اسلامی مالیاتی مصنوعات بھی متعارف کرائی گئی ہیں اور جاری مالی سال کے پہلے میں اسلامی مالیاتی مصنوعات کے ذریعے 50 ارب روپے کی بچتیں حاصل کی گئیں، جاری مالی سال کیلئے سی ڈی این ایس نے اسلامی مالیات کے تحت 75 ارب روپے کی بچتوں کا ہدف مقرر کیا ہے، گزشتہ مالی سال کے دوران سی ڈی این ایس نے اسلامی مالیات کے تحت 60 ارب روپے کی بچتوں کا ہدف مقرر کیا تھا۔