پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے کہا کہ ہمیں انتقام کی کوئی خواہش نہیں، کسی بدلے کی تمنا نہیں ، لیکن پاکستان کو یہ برے دن دکھانے والوں کا احتساب ضرور ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں مسلم لیگ ن کے اہم مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہمارے دور میں پٹرول 65 روپے تھا، آج 332 روپے ہے ،آٹا ہمارے دور میں پانچ سال 35 روپے رہا، آج 160روپے ہے ،نوازشریف کے دور میں موٹرویز بھی بن رہی تھیں،ترقی بھی ہو رہی تھی اور مہنگائی میں بھی مسلسل کمی آ رہی تھی ۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو یہ سب حقائق معلوم ہونے چاہئیں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اس کے مجرم کون ہیں، قوم کو انہیں معاف نہیں کرنا چاہیے ،مٹی پاؤ نہیں چلے گا، یہ مٹی پاؤ والا معاملہ نہیں ہے ۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جو قومیں خود احتسابی نہیں کرتیں وہ حالات کے رحم و کرم پر ہی رہتی ہیں، خود احتسابی کا پیغام ملک کے کونے کونے میں پہنچائیں ۔
نوازشریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آنے والے وقت کو ملک کے لئے اچھا دیکھ رہا ہوں،پاکستان کو یہ برے دن دکھانے والوں کا احتساب ضرور ہو گا۔