ماہ دسمبر میں مہنگائی حکومتی تخمینے سے بھی زیادہ ریکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ماہ مہنگائی بڑھ کر 29.66 فیصد تک پہنچ گئی، پیاز، دالیں، انڈے، چینی اور خشک میوہ جات سمیت متعدد اشیاء مزید مہنگی ہوگئیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق دسمبر کے دوران مہنگائی میں 0.82 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ ماہ پیاز 31 فیصد، خشک میوے 5 فیصد سے زائد مہنگے ہوئے، دالیں اور انڈے 5 فیصد، چینی 2.5 فیصد تک مہنگی ہوگئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گندم، آٹا، خشک دودھ اور گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، دسمبر میں بجلی ٹیرف میں 16 فیصد، ٹرانسپورٹ کرایوں میں 12 فیصد، ریڈی میڈ گارمنٹس کی قیمتوں میں 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایف بی ایس کا کہنا ہے کہ فیول تقریباً ڈھائی فیصد مہنگا ہوا، البتہ دسمبر میں ٹماٹر، آلو، چائے، چکن، گڑ، گھی، چاول سستے ہوئے، سبزی، پھل، کوکنگ آئل، مصالحہ جات کے دام بھی نسبتاً کم ہوئے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سالانہ بنیاد پر خوراک 27.50 فیصد، مشروبات 83 فیصد تک مہنگے ہوگئے جبکہ ایک سال میں ٹرانسپورٹ کرائے 28.60 فیصد تک بڑھ گئے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت کپڑے اور جوتے کے دام 21 فیصد تک بڑھ گئے، ایک سال میں تعلیم 13.52 فیصد اور صحت کی سہولیات 23.36 فیصد تک مہنگی ہوئیں۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ہاؤسنگ، پانی، بجلی، گیس کے چارجز 38 فیصد تک بڑھ گئے، گزشتہ سال کے مقابلے تفریحی سہولیات 38 فیصد سے زائد مہنگی ہوئیں۔