جاپان میں 7.6 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں درجنوں عمارتیں گرنے کی اطلاعات ہیں، بڑے سونامی کا خطرہ ٹل گیا، رہائشیوں کو اونچے مقام کی جانب جانے کی ہدایت کردی گئی۔
جاپانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں نئے سال کے پہلے ہی دن 7.6 شدت کا زلزلہ آیا، زلزلہ مقامی وقت کے مطابق 4 بج کر 10 منٹ پر آیا، جس کے بعد سونامی وارننگ بھی جاری کی گئی، جس کے بعد کئی ساحلی علاقوں کو خالی کرالیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جاپان کے علاقے اشی کاوا میں 30 عمارتیں گرنے کی اطلاعات ہیں، تاہم فی الحال کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
جاپانی میڈیا کے مطابق زلزلے کے بعد بڑے سونامی کا خطرہ ٹل گیا، اشی کاوا میں زلزلے کے بعد رہائشی علاقے میں آگ لگنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان میں صرف 90 منٹ کے دوران طاقتور زلزلے کے بعد 4 شدت اور اس سے زائد کے 20 آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے۔
غیر میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے باعث کئی گھر گرنے کی اطلاعات ہیں، سڑکوں پر دراڑیں پڑ گئیں، ریلوے سروسز معطل ہوگئیں۔
پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جاپان میں موجود تمام پاکستانی خیریت سے ہیں۔