سال 2023 میں سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رہیں۔ گزشتہ سال ملک بھر میں 550 کے لگ بھگ امن دشمنوں کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک دھرتی کے وجود سے دہشتگردی کے ناسور کو اکھاڑ پھینکنے کا قومی مشن کے سلسلے میں 2023 میں میں بھی پاک فوج سمیت تمام سیکیورٹی ادارے دشمنوں کے سامنے سینہ سپر رہے۔
عوامی حمایت سے ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 18 ہزار 736 انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشنز میں 566 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 5161 کو گرفتار کر لیا گیا۔
ملک سے وفاداری کا عہد نبھاتے ہوئے ایک ہزار سے زائد پاکستانیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ دہشت گردوں سے جھڑپوں میں پاک فوج کے 260 سے زائد افسران اور جوانوں نے شہادت کے تمغے سینوں پر سجا لیے۔
اعداد وشمار کے مطابق 2023 کے دوران بلوچستان میں 15 ہزار 63 کارروائیوں میں 109 امن دشمن ہلاک ہوئے، بلوچ نیشنل آرمی کے اہم کمانڈر گلزار امام شمبے اور سرفراز بنگلزئی کا دہشتگردی چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہونا پاک فوج کی بڑی کامیابی ہے۔
خیبرپختونخوا میں مجموعی طور پر 1492 آپریشنز کے ذریعے 447 امن دشمنوں کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا جبکہ سندھ میں 1987 آپریشن کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ پنجاب میں 190 اور گلگت بلتستان میں 14 کارروائیاں کی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان بار بار نشاندہی کر چکا ہے کہ حالیہ دہشت گردی کے تانے بانے افغانستان میں موجود امن دشمنوں کی پناہ گاہوں سے ملتے ہیں۔ افواج پاکستان اور عوام نے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔