لاہور میں تہرے قتل کیس کی تحقیقات میں خاتون کے سنسنی خیز انکشافات نے پولیس اہلکاروں کو چکرا کر رکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے چوہنگ میں قتل کی دل دہلا دینے والی واردات کے بعد خاتون کے اعتراف جرم نے انسانیت کو شرما کر رکھ دیاہے ،خاتون نے اپنے آشنا ارسلان کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرنے کے بعد جائیداد ہتھیارنے کا منصوبہ بنایا، خاتون نے اپنی ساس، سسراور نند کو قتل کر نے کے بعد گھر کو آگ لگا دی لیکن شوہر وقار گھر پرموجود نہ ہونے کی وجہ سے بچ گیا ، ملزمہ شوہر اور اس کے خاندان کو قتل کرنے کے بعد ارسلان سے تیسری شادی کرنا چاہتی تھی ،پولیس نے واقعہ کا علم ہونے پر مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کی ، خاتون نے ابتداء میں اسے حادثے کا رنگ دیکر بچنے کی بھر پور کوشش کی لیکن پولیس کی باریک بینی سے کی گئی تحقیقات میں خاتون کے ارسلان کے ساتھ معاشقے کا نکشاف ہوا جس کے بعد کڑیاں جڑنے لگیں۔
پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرنے کے بعد تحقیقات کیں تو اس نےنہ صرف اعتراف جرم کیا بلکہ ماضی میں کیئےگئے مزید جرائم کااقرار کیا ،خاتون نے بتای کہ اس نے اپنے موجود ہ شوہر وقار کے ساتھ مل کر13 سال قبل 2010 میں سابقہ شوہر کو قتل کیا اور جائیداد ہتھیانے کے بعد وقار سے دوسری شادی کرلی تھی ۔ پولیس نے تینوں ملزمان کو حراست میں لے کر مضبوط مقدمہ بنانے کیلئے شواہد اکھٹا کرنا شروع کر دیئے ہیں ۔