سندھ پریمیئر لیگ کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا، ایونٹ 14 سے 25 دسمبر تک کھیلا جائے گا، سندھ بھر سے 6 ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد سندھ پریمیئر لیگ کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا۔ کراچی میں منعقدہ تقریب میں سابق اور موجودہ کرکٹرز، میئر کراچی، سابق صوبائی وزراء سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
نئے شیڈول کے مطابق سندھ پریمیئر لیگ 14 دسمبر سے شروع ہوگا جبکہ فائنل 25 دسمبر کو کھیلا جائے گا، صوبہ بھر سے 6 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لیں گی۔
ایونٹ کی رونمائی کی تقریب میں میٸر کراچی مرتضیٰ وہاب، سابق صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ، سابق قومی کپتان جاوید میانداد، مصباح الحق، سابق کرکٹر عبدالرزاق اور موجودہ فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایس پی ایل کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے، یہ ایک بڑا ایونٹ ہوگا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہمیں این او سی دے دیا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے اس معاملے میں گہری دلچسپی دکھائی، سندھ حکومت صوبہ بھر کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا چاہتی ہے، نوجوانوں کو ملکی اور غیر ملکی کوچز سے تربیت دلائیں گے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر کہا کہ ہم اپنا وقت گراؤنڈز میں کھیل کر گزارتے تھے، آج کے بچے ٹی وی اور انٹرنیٹ کی وجہ سے کھیلوں سے دور ہیں، ایس پی ایل کے ذریعے بچے انٹرنیشنل لیول تک جاسکتے ہیں، امید ہے یہ ایونٹ کامیاب ہوگا اور سندھ کا مثبت چہرہ دنیا میں جاٸے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اس شہر کے تمام کھیلوں کے میدان کھولنا چاہتا ہوں، کراچی انتظامیہ اس ایونٹ کیلئے سندھ پریمیئر لیگ انتظامیہ کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ بہت ہے لیکن ضاٸع بھی ہوتا ہے، اس لیگ سے ٹیلنٹ ضاٸع ہونے سے بچے گا، سندھ نے لیگ شروع کرکے ایک نٸی روایت بنادی، دوسرے صوبوں کا کام ہے اس کی پیروری کریں۔