مسلم لیگ ( ن ) کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی سے جو بھی جیتے گا اس کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
جمعہ کے روز شہباز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ ( ن ) کا وفد ایم کیو ایم مرکز پہنچا جہاں ایم کیو ایم کے کنوینیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ان کا استقبال کیا اور بعد ازاں، وفد نے رابطہ کمیٹی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پارٹی قائد نواز شریف کا خلوص سے بھرا ہوا خیر سگالی کا پیغام لائے ہیں ، ایم کیو ایم کے ساتھ دہائیوں پرمحیط ہمارے تعلقات میں اتار چڑھاو آتا رہا تاہم، 2022 میں تحریک عدم اعتماد کے بعد مخلوط حکومت میں ایم کیو ایم کے ساتھ اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہوا۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بڑے بڑے چیلنجز ہم نے ساتھ مل کر حل کرنے کی کوشش کی اور اس دوران ایم کیو ایم کے ساتھیوں کو مخلص پایا، اگلا الیکشن فیصلہ کرے گا پاکستان نے ترقی و خوشحالی کی جانب جانا ہے، کچھ قوتیں پاکستان کو سیاسی و معاشی انتشار میں مبتلا دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چار پانچ سالوں میں بے بنیاد الزامات کی بوچھاڑ کی گئی، یہ زہر ایک دن میں ختم نہیں ہوگا کئی سال لگیں گے، اس الیکشن میں اس سفر کا آغاز کرنا ہے اور ملک کو کھویا ہوا مقام دلانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی روشنیوں کا شہر ہے، نوازشریف کی جانب سے کراچی کے عوام کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں، کراچی کی معیشت ملکی معیشت کانصف ہے، کراچی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستان کا معاشی گیٹ وے ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے کراچی کو ہمیشہ خصوصی توجہ دی، 1993 میں کراچی کا امن تباہ ہوچکا تھا، بوری بندلاشیں ملتی تھیں ، بھتہ خوری ہوتی تھی، یہاں کے عظیم صنعتکار اس شہر کو خدا حافظ کہہ رہے تھے تب نوازشریف نے کراچی سے بدامنی کا خاتمہ کیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نوازشریف نے کراچی کو گرین لائن منصوبہ دیا، ان سے دھاندلی کے ذریعے اقتدار چھینا گیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الیکشن کی آمد آمد ہے، نوازشریف کی قیادت میں بھرپور الیکشن مہم چلائیں گے، مسلم لیگ ن کامنشور جلد عوام کے سامنے آئے گا، اپنی نوجوان نسل کو امپاور کریں گے، بہنوں اور بیٹیوں کو امپاور کرنا ہے، امپاورمنٹ کے لیے جدید یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کی دوڑمیں بہت پیچھے رہ گیا ہے، ہم نوازشریف کی قیادت میں شبانہ روز محنت کریں گے، کراچی میں ٹینکر مافیا کا راج ہے ، اس کا خاتمہ کریں گے، سب سےزیادہ ٹیکس دینے والا شہر کراچی ہے، کراچی آج تک پبلک ٹرانسپورٹ سے محروم ہے، کراچی کا ٹرانسپورٹ سسٹم دیہی علاقوں سے بھی بدتر ہے، یہاں سے جو بھی جیتے گا اس کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔