پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ بابر اعظم بہت مستقل مزاجی کے ساتھ پرفارمنس دیتے ہیں جو میں نے بہت کم دیکھا ہے، میلبورن ٹیسٹ پاکستان کو جیتنا چاہیے، مطلوبہ ہدف حاصل ہوسکتا ہے۔
میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کی جوڑی کافی عرصے سے کامیاب رہی ہے اور پاکستان کو ورلڈ کپ میں اس جوڑی کی بہت یاد آئی۔
سابق کپتان نے کہا کہ مجھے شاہین آفریدی نے کبھی نہیں کہا کہ انجری ہے، انجری ہو تو فاسٹ باؤلر نہیں کھیل سکتا، ہر کھلاڑی کا ہر میچ میں پرفارمنس دینا مشکل ہو جاتا ہے، پرفارمنس نہ ہو رہی ہو تو کھلاڑی کو آرام دیا جا سکتا ہے لیکن پوری سیریز میں آرام نہیں دیا جا سکتا صرف ایک میچ میں دے سکتے ہیں۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان اور محمد رضوان نے ماضی میں بہترین پرفارمنس دیں اور آگے بھی دیں گے ، بابر اعظم بہت مستقل مزاجی کے ساتھ پرفارمنس دیتے ہیں جو میں نے بہت کم دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ اور وہاب ریاض نے کافی کرکٹ کھیلی ہے اور امید ہے وہ اچھی سلیکشن کریں گے۔