ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر اسپورٹس جاوید علی میمن نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے کھیلوں کی نرسری کی حیثیت رکھتے ہیں، جہاں سے طلبہ و طالبات قومی افق پر ابھرتے ہیں۔
ڈائریکٹر اسپورٹس ہائر ایجوکیشن کمیشن جاوید علی میمن نے ڈاؤ یونیورسٹی اسپورٹس جمنازیم میں منعقد ہونے والی دسویں آل پاکستان ایچ ای سی انٹرورسٹی گرلز کراٹے چیمپئن شپ کے افتتاح کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مارشل آرٹس درحقیقت کوئی لڑائی نہیں بلکہ کردار کی تعمیر کی ایک کوشش ہے، اس میں خصوصاً لڑکیوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا ہماری ترجیح ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مارشل آرٹس میں خصوصاً لڑکیوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کیلئے گرلز کراٹے چیمپئن شپ منعقد کی گئی اور آئندہ بھی ایسے ایونٹ منعقد کئے جاتے رہیں گے۔
جاوید میمن نے مزید کہا کہ ایچ ای سی کی جانب سے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کا مقصد یہی ہے کہ نوجوانوں کو بلا امتیاز ٹیلنٹ کے اظہار کا موقع ملے، آئندہ بھی مزید بچوں کا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔
تقریب کے آخر میں ڈاکٹر مہناز اور مشعل نعیم بٹ نے جاوید میمن کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔