اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف جاری سائفر کیس ٹرائل 11 جنوری تک روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف سائفر کیس میں فرد جرم عائد کرنے کیخلاف درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے آج کی سماعت کا آرڈر جاری کر دیا۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے 12 دسمبر کا ٹرائل کورٹ کا آرڈر چیلنج کر رکھا ہے۔
عدالت نے سائفر ٹرائل پر فوری حکم امتناع کی استدعا منظور کرتے ہوئے عمران خان کیخلاف جاری سائفر کیس ٹرائل 11 جنوری تک روک دیا ہے۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ کے 12 دسمبر کے حکمنامہ کےخلاف درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کردی، عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تمام ضروری دستاویزات جمع کرائی جائیں، شکایت کےبجائے ایف آئی آر پر کارروائی کیخلاف درخواست پربھی نوٹس جاری کردیے گئے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ ٹرائل کورٹ نے سائفر کیس میں سابق وزیراعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور سابق وزیر خارجہ و پارٹی رہنما شاہ محمود قریشی کے خلاف فردِ جرم عائد کردی گئی تھی۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کی تھی۔ سماعت کے دوران عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف فردِ جرم عائد کی گئی جب کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر خارجہ نے صحت جرم سے انکار کیا تھا۔