الیکشن کمیشن نے سرکاری ملازمین اور افسران کی انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور افسران و عملے کی چھٹیوں پر مشروط پابندی عائد کر دی ہے جبکہ دوسری جانب اقلیتی نشستوں کیلئے سیاسی جماعتوں کی ترجیحی فہرستیں جاری کر دی گئیں ہیں جس میں تحریک انصاف شامل نہیں ہے ۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی ہے جس کے مطابق افسران اور عملے کی چھٹیوں پر مشروط پابندی عائد کی گئی ہے ، صوبائی سیکرٹریٹس اور ڈائریکٹوریٹس کے افسران پہلے چیف سیکرٹری سے چھٹی منظور کروائیں گے جبکہ حتمی منظوری ڈی آر او سے حاصل کی جائے گی۔ گریڈ انیس تک کے وفاقی سرکاری ملازمین ڈی آر او سے چھٹی منظور کروائیں گے۔ جبکہ گریڈ بیس اور اوپر کے افسران کو الیکشن کمیشن سے اجازت لینا ہو گی۔
الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں 17 ہزار 400 پولنگ سٹیشن کو انتہائی حساس قرار دیاہے جن کی مانیٹرنگ سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جائے گی ، پنجاب کے ساڑھے 6ہزار سے زائد ،سندھ کے تقریباً ساڑھے 4 ہزار، بلوچستان کے 2ہزار سے زائد اور خیبرپختونخواکے ساڑھے 4 ہزار کے قریب پولنگ اسٹیشنزپرکیمرےنصب ہوں گے۔مانیٹرنگ کا عمل انتخابی نتائج کی تیاری تک جاری رہے گا ۔
نتائج مکمل ہونے تک تمام مراحل کی نگرانی کیلئے الیکشن کمیشن اسلام آباد میں کنٹرول روم 27 دسمبر سے کام شروع کررہا ہے ۔کنٹرول روم آراوز،ڈی آراوز سمیت تمام متعلقہ عملےاوراسٹیک ہولڈرسےرابطہ رکھےگا ۔۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اقلیتی نشستوں کیلئے بھی سیاسی جماعتوں کی ترجیحی فہرستیں جاری کر دی گئیں ہیں ، جس میں پی ٹی آئی شامل نہیں ہے ،دوسری جانب انتخابی ضابطہ اخلاق کی پاسداری یقینی بنانے کی کارروائی کا بھی آغاز ہو چکا ہے ،مانیٹرنگ ٹیموں نے اسلام آباد میں خلاف ورزی کرنے والے امیدواروں کا تشہیری مواد ہٹانا شروع کر دیا ہے۔۔