وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ کا کہنا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر سب نے افسوس کیا،غم کا اظہار کیا۔ ہم ایرانی قوم کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
سماء سے گفتگو میں وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے فارن آفس نے ایران پر حملوں کی مذمت کی، ایران والے معاملے پر پاکستان نے سفارتی محاذ پر بھی کوششیں کیں، ہم دعاگو ہیں کہ یہ طوفان تھم جائے، معاملہ خوش اسلوبی سے طے ہو۔
عطاتارڑ نے کہا کہ پاکستان نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا، جلاؤگھیراؤ اور توڑپھوڑ غم کے اظہار کا مناسب اقدام نہیں، توڑپھوڑ اور جلاؤگھیراؤ کی کوئی تک نہیں بنتی۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے مشاورت کے بعد روس کے دورے کو ملتوی کیا، روس کادورہ بہت اہمیت کاحامل تھا، موجودہ حالات میں مشاورت کے بعد فیصلہ کیا، روسی حکام کے ساتھ مشاورت سےنئی تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا۔
سماء سے گفتگو میں وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ملک دشمنوں کو پاکستان سےبہت تکلیف ہے، سائبرحملوں پر ٹیکنیکل ٹیمیں کام کررہی ہیں، سائبرحملوں کے حوالے سے معاملے کو دیکھا جارہا ہے، کچھ آن لائن ایپلی کیشنز پر کچھ پیغامات آئے ہیں، سائبرحملوں پرتحقیقات جاری ہیں۔




















