روس نے بحیرہ اسود کی بندرگاہ پر یوکرین کی جانب سے کئے جانے والے حملے کے نتیجے میں اپنے جنگی جہاز کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کر دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کی جانب سے منگل کے روز روس کے زیر قبضہ کریمیا کے علاقے فیوڈوسیا میں ایک فضائی حملے کے ذریعے روسی جنگی جہاز کو نشانہ بنایا گیا جبکہ روسی وزارت دفاع نے کہا کہ بڑے لینڈنگ جہاز نووچرکاسک کو گائیڈڈ میزائل لے جانے والے یوکرینی طیارے نے نشانہ بنایا۔
روس کی جانب سے تعینات کردہ کریمیا کے سربراہ سرگئی اکسیونوف کے مطابق اس حملے میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے جبکہ رپورٹس کے مطابق حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
حملے کے بعد لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ بندرگاہ کے ٹرانسپورٹ آپریشن معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
روس نے 2014 میں یوکرین سے جزیرہ نما کریمیا پر قبضہ کر کے الحاق کر لیا تھا اور وہاں مقیم اس کی افواج نے فروری 2022 میں یوکرین پر مکمل حملے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، اس کے بعد سے کریمیا میں روسی افواج بار بار یوکرین کے حملوں کی زد میں آ رہی ہیں۔
گزشتہ ماہ یوکرین کی فوج نے کہا تھا کہ اس نے جنگ کے آغاز کے بعد سے بحیرہ اسود میں روسی بحریہ کے 15 جہازوں کو تباہ کیا ہے اور مزید 12 کو نقصان پہنچایا ہے۔