الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024ء کے دوران انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر خفیہ کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو احکامات بھجوادیئے گئے۔
ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات کیلئے 8 فروری 2024ء کو پولنگ ہوگی، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر کے تمام انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا فیصلہ کرلیا، سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کیلئے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو احکامات بھجوادئیے گئے ہیں۔
ای سی پی کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈی آر اوز کی جانب سے قرار انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر خفیہ کیمرے لگائے جائیں، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے تمام بوتھوں پر کیمرے نصب ہوں گے۔
ای سی پی کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے انتخابی عمل، گنتی اور نتائج کی تیاری کی مانیٹرنگ ہوگی، الیکشن کمیشن نے سی سی ٹی وی کیمروں سے متعلق ایس او پیز بھجوا دئیے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کردیا گیا ہے جو 30 دسمبر تک جاری رہے گا۔