اختتام کی طرف گامزن سال 2023ء میں دنیائے کرکٹ میں کئی قومی کھلاڑیوں نے اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا اور شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے یہ سال کارکردگی کے لحاظ سے جیسا بھی ہو لیکن ذاتی زندگی کے لحاظ سے یہ سال ان کیلئے خوش قسمت رہا، کئی کھلاڑیوں نے اپنی لائف پارٹنرز کے ساتھ نئی اننگز شروع کی۔
رواں سال پاکستان کرکٹ ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کی شادیاں ہوئیں، سب سے پہلے موجودہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود تھے جبکہ سب سے یادگار شاہین شاہ آفریدی اور امام الحق کی شادی تھی، جس میں کئی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔
شان مسعود
شان مسعود کو بابر اعظم کی جگہ حا ہی میں قومی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے، انہوں نے پشاور سے تعلق رکھنے والی لڑکی نش خان سے 21 جنوری 2023ء کو نکاح کیا تھا اور ان کے نکاح کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔
کرکٹر شان مسعود اور نش خان کی ملاقات لاہور میں ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے درمیان دوستی اور تعلقات مزید گہرے ہوگئے۔
شاداب خان
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے 24 جنوری 2023ء کو ماضی کے اسٹار اسپنر ثقلین مشتاق کی بیٹی سے سادگی سے نکاح کیا تھا، تقریب نجی رکھی گئی جبکہ شادی کی تصاویر بھی جاری نہیں کی گئیں۔
شاداب خان نے سوشل میڈیا پر اپنے نکاح کی ایک تصویر شئیر کرکے اس خبر سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا تھا۔
حارث رؤف
رواں سال 7 جولائی 2023ء کو پاکستانی کرکٹر حارث رؤف اور ماڈل مزنا مسعود شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے، انتہائی سادہ سی تقریب کا اہتمام لاہور میں کیا گیا، جس میں قریبی رشتے داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔
شاہین شاہ آفریدی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا آفریدی کی شادی کی تقریب 19 ستمبر کو کراچی میں منعقد ہوئی، دونوں کا نکاح فروری 2023ء میں ہوا تھا۔
اہم ٹورنامنٹ کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے فوراً بعد شاہین شاہ آفریدی اپنی دلہن انشا آفریدی کو گھر لے آئے۔
امام الحق
رواں سال کے آخر میں 26 نومبر 2023ء میں اوپنر بلے باز امام الحق نے اپنی قریبی دوست انمول محمود کے ساتھ شادی کی، امام الحق نے انسٹاگرام پر نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انمول محمود کو جیون ساتھی ہونے کے ساتھ بہترین دوست قرار دیا۔
امام الحق کی شادی کیلئے کئی تقاریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں نکاح، مایوں، قوالی نائٹ، بارات اور ولیمہ شامل تھے۔
فہیم اشرف
امام الحق کی شادی کے دوران ہی فہیم اشرف نے بھی اپنی نئی زندگی کا آغیا کیا، وہ پنجاب کے شہر پھول نگر سے دلہنیا بیاہ کر لائے، ان کی شادی نارووال کے رانا شبیر کی صاحبزادی سے ہوئی تھی۔