بھارت کی تامل فلم انڈسٹری کے اداکار اور کامیڈین بوندا مانی گردوں کی بیماری کے باعث 60 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تامل فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور کامیڈین بوندا مانی ہفتے کے روز انتقال کرگئے ہیں ، وہ گردوں کی بیماری میں مبتلا تھے جبکہ فلم ٹریڈ تجزیہ کار سریدھر پلئی نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پیغام میں سریدھر پلئی نے لکھا کہ ’’ تامل سنیما کے مقبول کامیڈین بوندا مانی 60 سال کی عمر میں خرابی صحت کی وجہ سے انتقال کرگئے ‘‘۔
Tamil Cinema’s Popular comedian #BondaMani (60) passed away due to ill health.#RIPBondamani pic.twitter.com/J4HxCcCV1S
— Sreedhar Pillai (@sri50) December 24, 2023
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق، سنیچر کی رات معروف کامیڈین اپنی رہائش گاہ پر بے ہوش ہو گئے جس پر انہیں فوری طور پر کرومپیٹ کے سرکاری ہسپتال لے جایا گیا تاہم، ابتدائی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
مانی کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ مالتھی، ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔
ڈی ٹی نیکسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق بوندا مانی نے تقریباً تین دہائیوں تک 270 فلموں میں کئی مزاحیہ کردار ادا کیے۔