بجلی کے بحران نے پھر سر اٹھا لیا، لسیکو کا شارٹ فال ایک ہزار میگا واٹ ہوگیا، شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 گھنٹے تک چلا گیا، نہروں کی بندش کے باعث پن بجلی کی پیداوار انتہائی کم ہوگئی۔
بجلی کا بحران ایک بار پھر شدید ہونے لگا، نہروں کی بندش کے باعث پن بجلی کی پیداوار انتہائی کم رہ گئی جس کے بعد لاہور شہر میں بجلی کا شارٹ فال ایک ہزار میگا اور لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 6 گھنٹے تک چلا گیا۔
لیسکو حکام کے مطابق سردی کی وجہ سے لسیکو کی روزانہ طلب 2600 میگا واٹ ہے تاہم لیسکو کو صرف 1600 میگاواٹ بجلی مل رہی ہے، دیہات میں لوڈشیڈنگ 12 گھنٹے سے تجاوز کرگئی۔
ذرائع واپڈا کا کہنا ہے کہ نہروں کی بندش کے باعث پن بجلی کی پیداوار انتہائی کم ہوگئی ہے، تیل اور گیس کی عدم فراہمی کے باعث بیشتر تھرمل پلانٹس بھی بند ہیں۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق آئندہ کئی روز تک کمرشل صنعتی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔