اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں آخر کار غزہ کی امداد سے متعلق قرار منظور ہوگئی۔جبکہ امریکی مطالبے پر قرار داد سے جنگ بندی کا مطالبہ نکال دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیارپورٹس کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کے مرکزی دفتر میں ہونےوالےاجلاس میں غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ میں تمام فریقین کو محفوظ اور بلا روک ٹوک بڑی تعداد میں انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
قرار داد پر ووٹنگ کے دوران تیرہ ممالک نے قرار داد کی حمایت کی، جبکہ دو رکن ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہ لیا۔ جبکہ روسی مندوب نے فوری جنگ بندی کو قرار داد میں شامل کرنے کی ترمیم پیش کی جسے امریکا نے ویٹو کردیا۔ روسی مندوب کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کی راہ میں امریکا رکاوٹ ہے۔
اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نےقرارداد کی منظور کے بعد کہا کہ غزہ میں امداد پہنچانے میں سب سے بڑی رکاوٹ اور اصل مسئلہ اسرائیلی جارحیت ہے۔ انتونیو گوتریس نے فوری انسانی سیز فائر کا مطالبہ بھی کیا۔