عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل ) کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو گرفتار کر لیا گیا۔
سابق وفاقی وزیر کے بھتیجے اور سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق کی جانب سے شیخ رشید احمد کی گرفتاری کی تصدبق کی گئی ہے۔
شیخ راشد شفیق کی جانب سے جاری کئے گئے ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کی جانب سے نمازمغرب کے بعد شیخ رشید کو گرفتار کیا گیا جبکہ اس موقع پر پولیس ٹیم کے ہمراہ سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد بھی موجود تھے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد صاحب کی گرفتاری کے حوالے سے ویڈیو پیغام pic.twitter.com/Nf3PkLUMFj
— Sheikh Rashid Shafiq (@SheikhRashid60) September 17, 2023
راشد شفیق کا کہنا تھا کہ پولیس میرے بڑے بھائی شیخ شاکر اور ملازم عمران کو بھی اپنے ساتھ لے گئی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ شیخ رشید احمد کو گرفتاری کے بعد نامعلوم مقام کی طرف لے جایا گیا ہے جس کے بارے میں ہمیں کچھ معلوم نہیں۔
ویڈیو پیغام میں راشد شفیق کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے عدالتوں کو یقین دہانی کرا رکھی ہے کہ شیخ رشید کسی کیس میں مطلوب نہیں ہیں ، اعلیٰ عدلیہ سے اپیل ہے کہ سابق وفاقی وزیر کی متعلقہ عدالتوں میں حاضری یقینی بنائی جائے۔
دوسری جانب سربراہ عوامی مسلم لیگ کے وکیل سردار عبدالرزاق کے مطابق شیخ رشید کو راولپنڈی کی ایک نجی سوسائٹی میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا ۔
خیال رہے کہ شیخ رشید احمد 9 مئی کے واقعات کے بعد سے روپوش تھے۔
علاوہ ازیں راولپنڈی پولیس کی جانب سے بھی شیخ رشید احمد کی گرفتاری کی تصدیق کر دی گئی ہے۔