زمبابوے کرکٹ بورڈ کی جانب سے ممنوعہ ادویات کے استعمال پر دو قومی کھلاڑیوں کو معطل کر دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق زمبابوے کرکٹ بورڈ نے اپنے دو کھلاڑیوں ویزلی مدھویرے اور برینڈن ماوتا کو ڈوپنگ ٹیسٹ مثبت آنے پر معطل کر دیا ہے ، دونوں کھلاڑیوں کے ٹیسٹ میں منشیات کا استعمال ثابت ہوا تھا۔
بورڈ نے اپنے بیان میں اس بارے نہیں بتایا کہ کھلاڑیوں کی جانب سے کونسی ممنوعہ دوا کا استعمال کیا گیا اور کب دونوں کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ ہوئے۔
تاہم، دونوں کھلاڑیوں کی معطلی ٹیم کے لئے ایک بڑا دھچکا ہے کیونکہ اس سے قبل رواں ہفتے ٹیم کے کوچ ڈیو ہیوٹن بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوئے ہیں۔
بورڈ کے مطابق کھلاڑیوں کو زمبابوے کرکٹ کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت چارج کیا گیا ہے اور وہ جلد ہی تادیبی سماعت کے لیے پیش ہوں گے۔
23 سالہ آل راؤنڈر مدھویرے کو قومی ٹیم کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، انہوں نے زمبابوے کے لیے 2020 میں ڈیبیو کیا اور اس کے بعد سے دو ٹیسٹ، 36 ایک روزہ اور 60 ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں۔
دوسری جانب 26 سالہ ماوتا چار ٹیسٹ، 12 ایک روزہ اور 10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔