برازیل کی خاتون اول روزانجیلا دا سلوا کا اکاؤنٹ ہیک ہونے پر ایکس کے مالک ایلون مسک سے جھگڑا ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روزانجیلا دا سلوا نے اپنا اکاؤنٹ ہیک ہونے کی ذمے داری نہ لینے پر کمپنی کے مالک ایلون مسک پر غصے کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ 11 دسمبر کو روز انجیلا دا سلوا کا ایکس اکاؤنٹ ہیک ہوا تھا جس کے بعد ان کے اکاؤنٹ سے فحش تصاویر اور برازیلین صدر کے خلاف بیان پوسٹ کئے گئے تھے۔
اپنے بیان میں برازیلین خاتون اول نے کہا کہ مسک اس سنگین واقعے پر توجہ نہیں دے رہے جس سے ان کے پلیٹ فارم پر نہ صرف میں بلکہ روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں خواتین پریشانی کا شکار ہوتی ہیں۔
روزانجیلا دا سلوا نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کر پائی ہوں کے ایکس کے خلاف مقدمہ برازیل میں دائر کروں یا امریکا میں، تاہم میں مقدمہ دائر ضرور کروں گی۔
برازیلین خاتون اول کے بیانات پر رد عمل دیتے ہوئے مسک نے کہا کہ ایکس پر کوئی الزام نہیں ہے، یہ واضح نہیں کہ کیسے کوئی یہ اندازہ لگا رہا ہے کہ اس کے ای میل کا پاس ورڈ ہماری ذمے داری ہے۔