سوات میں پاک فوج اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ڈی ڈی) کی مشترکا کارروائی میں خواتین کو کوڑے مارنے والے سابقہ تحریک طالبان سوات کا کمانڈر نیک محمد مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج اور سی ٹی ڈی نے سوات کے علاقے فضاگٹ میں خفیہ اطلاع پر 7 ستمبر کو آپریشن کیا، آپریشن کے دوران دہشت گرد کمانڈر نیک محمد عرف نیکو عرف عمر ہلاک ہوا۔
ہلاک کمانڈر سابقہ تحریک طالبان سوات کے سربراہ ملا فضل اللہ کا قریبی ساتھی تھا، نیک محمد سوات میں تحریک طالبان سوات کی کوڑے مارنے والی ٹیم کا رہنما تھا، دہشت گرد کمانڈر سیکیورٹی فورسز کے خلاف درجنوں کارروائویں میں ملوث تھا۔
ہلاک دہشتگرد آپریشن راہ راست کے بعد اہلخانہ کے ہمراہ افغانستان فرار ہوگیا، دہشت گرد کمانڈر نیک محمد موجودہ سال کے اوائل میں چھپ کر واپس سوات آیا تھا۔ دہشت گرد کمانڈر نیک محمد نے واپس آکر پولیس کی ٹارگٹ کلنگ شروع کردی۔
کمانڈر نیک محمد نے ساتھ ہی ٹی ٹی پی کے لیے بھتہ بھی وصول کرنا شروع کردیا تھا، جون میں نیک محمد نے مینگورہ سبزی منڈی کے قریب 2پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا، دہشت گرد کمانڈر نیک محمد نے ڈی پی او سوات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بھی بنایا تھا۔