ڈپٹی کمشنر صوابی نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کا آرڈر واپس لے لیا۔
سابق اسپیکر اسد قیصر کے تھری ایم پی او میں گرفتاری کے معاملہ میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، ڈی سی صوابی کی جانب سے ایم پی او کے تحت گرفتاری کا آرڈر واپس لے لیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عدالتی حکم پر تھری ایم پی او آرڈر مشروط کرتے ہوئے واپس لے لیا گیا ہے جبکہ ملزم کو ایک لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اسد قیصر اور کسی کیس میں مطلوب نہ ہو تو رہا کیا جائے، ملزم امن و امان میں خلل نہیں ڈالے گا، ملزم صوبائی حکومت کی جانب سے سیاسی ایس او پیز پر عمل درآمد کا پابند ہوگا۔
اعلامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے ملزم پر اداروں کے خلاف مہم اور نعرے بازی پر پابندی بھی عائد کر دی ہے۔
گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر کو تھری ایم پی او کا آرڈر واپس لینے کا حکم دیا تھا۔