نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے اور مایہ ناز کیوی کھلاڑی کین ولیمسن بطور کپتان ٹیم میں واپس آرہے ہیں۔
کین ولیمسن ایک سال سے زائد وقفے کے بعد کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ واپسی کر رہے ہیں ، انہوں نے آخری بار گزشتہ سال نومبر میں بھارت کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کی تھی۔
ولیمسن انڈین پریمئیر لیگ ( آئی پی ایل ) 2023 کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں نے زیادہ تر وقت میدان سے باہر گزارا اور صرف آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے دوران بین الااقومی کرکٹ میں واپس آئے۔
New Zealand has named a 13-member squad for the T20Is against Bangladesh, led by Kane Williamson.
— ICC (@ICC) December 17, 2023
More ➡️ https://t.co/TCnfQdoMcG pic.twitter.com/2TOCRuKVDl
بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کیویز ٹیم کے کھلاڑی مائیکل بریسویل، لوکی فرگوسن ، میٹ ہنری اور ہنری شپلی انجری کے باعث شرکت نہیں کر سکیں گے جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے خود کو سلیکشن کے لیے غیر دستیاب قرار دیا ہے اور ڈیون کانوے کو ٹیم کے ورک لوڈ مینجمنٹ کے حصے کے طور پر آرام دیا گیا ہے۔
ولیمسن کے ساتھ جمی نیشم کی بھی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ 25 سالہ فاسٹ باؤلر بین سیئرز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 27 دسمبر سے 31 دسمبر تک کھیلی جائے گی۔
کیویز سکواڈ میں کپتان کین ولیمسن، فن ایلن، مارک چیپمین، کائل جیمسین، ایڈم ملنے، ڈیرل مچل، جیمز نیشم، گلین فلپس، مچل سینٹنر، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ، ایش سودھی اور ٹم ساؤتھی شامل ہیں۔