ملک کے معروف قانون دان اور سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) میں شمولیت اختیار کر لی۔
خیال رہے کہ لطیف کھوسہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کا حصہ تھے، تاہم کافی عرصہ سے یہ افواہیں زیر گردش تھیں کہ وہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں کیونکہ وہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے مختلف کیسز میں عدالتوں میں ان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
اتوار کے روز، سابق گورنر نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نفرتوں کودفن کرکے نئےآغاز کی دعوت دیتا ہوں، اللہ تعالی نے پاکستان کی صورت میں ایک خوبصورت خطہ دیا ہے، پاکستان کی عوام اس کی روح ہیں، اوپر سے نیچے تک اللہ تعالی کے اقتدار میں عوام اس کے مالک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 7 میں عوام کےعلاوہ کوئی اس ملک کے مالک نہیں ہیں، عدلیہ بھی اس کی مالک نہیں ہے، آرٹیکل 5 میں وفاداری صرف عوام کی ہے اور آئین کی وفاداری ہے۔