خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں امریکی شکاری نے 45 انچ سینگوں والے مارخور کا شکار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی شہری ڈیرون جیمز مل مین کو محکمہ جنگلی حیات سے پانچ کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد پر ٹرافی ہنٹنگ کا اجازت نامہ ملا تھا، جیمز مل مین نے اس اجازت نامے کے لیے سب سے بڑی بولی دی تھی۔
امریکی شکاری نے مقامی کمیونٹی کی مدد سے چترال کی توشی شاشا کنزرویسی میں ٹرافی ہنٹنگ کی، مقامی ذرائع کے مطابق کشمیری النسل مارخور کی عمر نو سال تھی۔
یاد رہے کہ چترال میں ہرسال مارخور ٹرافی ہنٹنگ کےلئے دو پرمٹ دئے جاتے ہیں۔ مارخور کی ٹرافی ہنٹنگ کی پرمٹ فیس سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 80 فیصد مقامی آبادی کی فلاح وبہبود پر خرچ کیا جا تا ہے جبکہ 20 فیصد رقم محکمہ جنگلی حیات کے اکائونٹ میں منتقل ہوتی ہے۔