1971 کی جنگ میں پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جان، مال، عزت اور آبرو داؤ پر لگا کر اپنے ملک پاکستان کی حفاظت کی اس جنگ کے دوران ہمارے کئی بہادر فوجیوں نے ملک کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور شہید ہوئے۔
پاک فوج کے سپاہیوں نے نہتے بہاریوں اور مشرقی پاکستان کے لوگوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کی جبکہ جنگ کے دوران کئی سپاہی بہادری سے دشمن کیخلاف لڑے اورغازی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
ایسے ہی بہادر غازیوں میں شامل حوالدار محمد یونس خان نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ شروع ہونے سے پہلے ہمیں جنگ کے مقام پر پہنچے کا حکم ملا، بھارتی فوج گیارہ کلومیٹر آگے بڑھ کر بہاری علاقے میں پہنچ گئی تھی لیکن ہم نے بھی آگے بڑھ کر علاقہ مکینوں کو نقصان سے بچایا۔
حوالدار محمد یونس خان نے بتایا کہ ہمارے کیپٹن نے ہمیں حکم دیا کہ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر آگے بڑھ کر دشمن کا مقابلہ کرنا ہے، اور ہمارے اصل مجاہد وہ تھے جو دشمن کے سامنے سینہ سپر ہو کر بہادری سے مقابلہ کرتے رہے۔
ایک اور غازی لانس نائیک محمد گلزار خان نے بتایا کہ جنگ شروع ہوئی تو ہم ہیڈ سلیمانکی سے نکل کر جنگ کی جگہ پر پہنچے اور بہت جوش و خروش سے جنگ میں حصہ لینے کے لیے تیار تھے، جنگ کے دوران تمام جوانوں کا جذبہ اتنا بلند تھا کہ کسی کو بھی اپنی جان اور مال کی پرواہ نہیں تھی۔
لانس نائیک محمد گلزار خان کے مطابق جنگ کے دوران ہم نے بھارت کے تقریبا تین ٹینک تباہ کیے اور تقریبا 16 کلومیٹر کا علاقہ فتح کیا، جب بھارتی فوج نے دیکھا کہ پاک فوج نے ہمارا علاقہ فتح کر لیا تو وہ اپنے مورچے چھوڑ کر بھاگ گئے۔
غازی نائیک انور احمد خان کے مطابق ہم نے دشمن کے حوصلوں کو پسپا کرتے ہوئے ان پر فائر کھولا جس سے ان کو بھاری جانی اور مالی نقصان ہوا۔
غازی صوبیدار خالد کے مطابق اللہ کا شکر ہے کہ جنگ میں ہمارا زیادہ نقصان ہوئے بغیر ہم نے دشمن کے علاقے پر قبضہ کیا، آج بھی دشمن نے ہمیں میلی انکھ سے دیکھا تو ہم اُن کے حوصلے پست کر دیں گے اور ان کو بتائیں گے کہ پاک فوج کیا ہے۔
غازی نائب رسالدار خلیل احمد کے مطابق 1971 کی جنگ میں ہم نے اللہ اکبر کا نعرہ لگا کر دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا اور ہم نے دشمن پر ایسی کاری ضرب لگائی کہ ان کے پانچ ٹینک تباہ کیے۔
غازی فلائٹ سارجنٹ عبدالقیوم کے مطابق ہم نے بہادری کے ساتھ جنگ لڑ کر دشمن کو نیست و نابود کیا، ہماری پاک فوج دشمن کے ساتھ جنگ لڑنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور پاک فوج کا ہر جوان یہ جذبہ رکھتا ہے کہ وہ ملک کے لیے اپنی جان قربان کر کے شہید ہو۔