متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) نے انڈر 19 کرکٹ ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کو 11 رنز سے شکست دیدی۔
دبئی میں کھیلے جانے والے انڈر 19 ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جبکہ اماراتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47.5 اوورز میں 193 رنز بنائے اور پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
Ubaid Shah stars with 4️⃣ wickets with every bowler chipping in to round up a solid performance 🎯
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 15, 2023
194 is the target for Pakistan U19 🏏#PAKvUAE | #PakistanFutureStars pic.twitter.com/MpxBGYUASO
یو اے ای کی طرف سے کپتان ایان افضل خان 55 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے جبکہ اریانش شرما نے 46 رنز کی اننگ کھیلی، پاکستان کی جانب سے عبید شاہ نے 4 ، علی اسفند اور عرفات منہاس نے دو ، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
متحدہ عرب امارات کے193 رنز کے ہدف کےجواب میں قومی ٹیم 49.3 اوورز میں 182 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ، پاکستان ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا۔ دوسری ہی گیند پر شامل حسین بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے ، شاہ زیب خان 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو مجموعی اسکور 22 رنز تھا اس موقع پر کپتان سعد بیگ اور اذان اویس نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 83 رنز کا اضافہ کیا۔
اسی طرح اذان اویس پانچ چوکوں کی مدد سے 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔سعد بیگ نے ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔ ان دونوں کےآؤٹ ہوتے ہی ٹیم مشکل میں آگئی۔ریاض اللہ 4 اور عرفات منہاس 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ جب ساتویں وکٹ گری تو اسکور 121 رنز تھا تاہم علی اسفند، عامرحسن اور محمد ذیشان نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے کی ہرممکن کوشش کی جو بار آور ثابت نہ ہوسکی۔
علی اسفند 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔عامرحسن ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔محمد ذیشان نے ایک چھکے کی مدد سے 10 رنز بنائے آخری بیٹر عبیدشاہ کوئی رن نہ بناپائے۔
متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے ایمن احمد اور ہاردیک پائی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ پاکستان انڈر 19کے تین بیٹرز رن آؤٹ ہوئے۔
خیال رہے کہ ایونٹ کے دوران پاکستان کے نوجوان کرکٹرز نے شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے اپنے گروپ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا اور گرین شرٹس نے نیپال، بھارت اور افغانستان کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔اوراب فائنل میں متحدہ عرب امارات انڈر 19 کا مقابلہ بنگلہ دیش انڈر19 سے ہوگا۔