برطانیہ نے سیاحتی، وزٹ یا اسٹوڈنٹ ویزے پر جانے والوں کیلئے ویزا فیس میں اضافہ کردیا، جس کا اطلاق 4 اکتوبر سے ہوگا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی محکمہ کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت نے 6 ماہ سے کم وزٹ ویزا کی فیس میں 15، اسٹوڈنٹ ویزا میں 127 پاؤنڈ کا اضافہ کردیا ہے، جس کے بعد 6 ماہ سے کم وزٹ ویزے کی فیس 115 (تقریباً 43 ہزار روپے) اور اسٹوڈنٹ ویزے کی فیس 490 برطانوی پاؤنڈ (ایک لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد) ہوجائے گی۔
برطانوی محکمہ داخلہ کے مطابق زیادہ تر ورک اور وزٹ ویزوں کی فیس میں 15 فیصد جبکہ ترجیحی، اسٹوڈنٹ اور اسپانسر ویزوں کی فیس میں 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ برطانیہ کے وزٹ اور اسٹوڈنٹ ویزا فیس میں تبدیلی پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد نافذالعمل ہوجائے گی اور توقع ہے کہ اس کا اطلاق 4 اکتوبر سے ہوگا۔
برطانوی وزیراعظم رشی سوناک کی جانب سے جولائی میں ویزا فیس میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ویزا کے درخواست دہندگان کی جانب سے برطانیہ کے سرکاری ادارے نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کو ادا کی جانیوالی فیس اور ہیلتھ سرچارج میں ملک کے پبلک سیکٹر کی اُجرت میں اضافے کو پورا کرنے کیلئے نمایاں طور پر اضافہ ہوگا۔