کھیلوں کی مصنوعات بنانے والی جرمن کپمنی ’ پوما ‘ نے اسرائیلی فٹ بال ٹیم کی سپانسر شپ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق پوما 2024 میں اسرائیل کی قومی فٹ بال ٹیم کی سپانسر شپ ختم کر دے گی جبکہ فرم کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ اس اقدام کی منصوبہ بندی گزشتہ سال سے کی گئی اور اس کا تعلق غزہ جنگ کے دوران اسرائیل کے خلاف جاری بائیکاٹ مہم سے نہیں ہے۔
پوما کو طویل عرصے سے اسرائیل فٹ بال ایسوسی ایشن ( IFA ) کے ساتھ اپنی شراکت داری ختم کرنے کے مطالبات کا سامنا تھا لیکن غزہ میں اسرائیلی بربریت کے دوران ان مطالبات میں شدت آئی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کو دئیے گئے ایک بیان میں پوما کے ترجمان نے کہا کہ سربیا اور اسرائیل سمیت متعدد فیڈریشنوں کے ساتھ کمپنی کے معاہدے 2024 میں ختم ہونے والے تھے جن کی اب کی تجدید نہیں کی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ پوما بہتر حکمت عملی کے حصے کے طور پر جلد ہی کئی نئی ٹیموں کے ساتھ معاہدوں کا اعلان کرے گا۔
پوما نے سب سے پہلے 2018 میں اسرائیلی کھلاڑیوں کو کٹ فراہم کرنے کے لیے IFA کے ساتھ معاہدہ کیا تھا جس کے بعد سے سپورٹس ویئر فرم کو بائیکاٹ کے مطالبات کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پوما نے معاہدہ ختم کرنے کی اصل وجہ غزہ جنگ کو قرار نہیں دیا لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی بائیکاٹ مہم کے پیش نظر ہی کمپنی نے بھی یہ فیصلہ کیا ہے۔