پنجاب کی نگران حکومت نے صوبے میں لائیو اسٹاک سیکٹر کی پیداوار بڑھانے کےلئے ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت لائیو اسٹاک بارے اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں لائیو اسٹاک سیکٹر کی پیداوار بڑھانے کےلئے ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ محسن نقوی نے اجلاس میں ہدایت کی کہ محکمہ لائیو اسٹاک مفید مادہ جانور کو ذبح کرنے پر پابندی عائد کرے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی وزیرلائیواسٹاک، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری لائیواسٹاک، سیکرٹری خزانہ، آل پاکستان میٹ ایکسپوٹرز ایسوسی ایشن کے صدر، کمشنر ڈیرہ غازی خان اور کمشنر بہاولپور پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ کمیٹی پنجاب کے لائیو اسٹاک سیکٹر کے نرخ مقرر کرنے، پیداوار اور ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے ٹھوس پلان مرتب کرے گی ۔
محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں جانوروں کے بیماریوں سے پاک کمپارٹمنٹ قائم کئے جائیں گے، مختصر اور جامع پلان تیار کیا جائے جس پر فوری عملدرآمد کیا جا سکے۔ سعودی عرب ، کویت اور متحدہ عرب امارات میں لائیو اسٹاک ایکسپورٹ کرنے کی بہت گنجائش ہے ۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمیں بغیر وقت ضائع کئے پیداوار اور ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے فوری اقدامات کرنے ہیں۔