اسلام آباد سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کو گرفتاری کے بعد اینٹی کرپشن نے لاہور منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کردیں۔ ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق ان کیخلاف 4 کیسز چل رہے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے بعد محکمہ اینٹی کرپشن نے گرفتار کرلیا۔
محکمہ اینٹی کرپشن سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو لاہور منتقل کرنے کی تیاری کررہی ہے۔
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق لاہور اینٹی کرپشن میں پرویز الٰہی کیخلاف 4 کیسز درج ہیں، لاہور ماسٹر پلان میں پرویز الٰہی، ان کے بیٹوں اور بیگم کی زمین پراجیکٹ میں شامل کرنے کا کیس بھی شامل ہے۔
ترجمان کے مطابق پرویز الٰہی کیخلاف ماسٹر پلان کی جلد منظوری کیلئے ماحولیات کے قوانین میں تبدیلی کا کیس بھی ہے، جس میں غیرقانونی ترمیم سے پرویز الٰہی اور ان کے خاندان نے 10 ارب کا فائدہ لیا، شوگر کی پروڈکشن کیپیسٹی غیر قانونی طور پر 42 ہزار میٹرک ٹن تک بڑھائی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف تیسرا کیس پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں کا ہے، ٹیسٹنگ کمپنی کے تحریری نتایج میں ترمیم کرکے میرٹ کی دھجیاں بکھیریں گئیں جبکہ چوتھا کیس محمد خان بھٹی کا ہے جنہیں 22 واں گریڈ دیا گیا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کو عدالتوں سے ضمانتوں کے بعد کئی بار رہائی ملی تاہم انہیں کسی ایک اور کیس میں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔