مالی بحران یا طیاروں کی کمی؟ باکمال لوگوں کی لاجواب سروس کی 7 پروازیں وقت پر نہ اڑسکیں۔
مالی مشکلات کے آئی سی یو میں پڑی قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی ڈوبتی کشتی کو ایک بار پھر قرض کا سہارا مل گیا۔ قومی ائیر لائن کے لیے اربوں روپے کا قلیل مدتی قرض منظور کرلیا گیا۔
نیشنل بینک نے 6 ماہ سے ایک سال کی مدت کے لیے 13 ارب روپے قرض کی منظوری دے دی۔ عسکری بینک سے بھی 5 ارب ادھار ملے گا۔۔7 سے 10 روز کے لیے ملنے والے اس قرض سے انتہائی ضروری ادائیگیاں کی جائیں گی۔
دوسری جانب حکومت نے امریکہ میں پی آئی اے کے ملکیتی روز ویلٹ ہوٹل کی فروخت کی کوششیں تیز کردیں۔ نجکاری کمیشن نے روز ویلٹ ہوٹل کی نیلامی کے لیے فنانشل ایڈوائزر تقرری کے لیے پیشکش طلب کرلیں۔ دلچسپی رکھنے والی فرمز کو درخواست کے ساتھ ایک ہزار ڈالر فیس نو اکتوبر تک جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی بندش سے متعلق خدشات اور خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ فضائی آپریشن بھی معمول کے مطابق جاری ہے۔