آسٹریلیا میں ایک شخص ساحل سمندر پر ریت میں دب کر ہلاک ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جوش ٹیلر نامی شخص ہفتے کے روز کوئنز لینڈ کے بریبی جزیرے پر ساحل سمندر کے کیمپ گراؤنڈ میں تھا جب وہ ایک گڑھے میں گر گیا جسے کھانا تیار کرنے کے لئے کھودا گیا تھا۔
23 سالہ ٹیلر کو واقعے کے فوراً بعد ہی ہوائی جہاز کے ذریعے ہسپتال لے جایا گیا لیکن جمعرات کو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
کوئنز لینڈ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ بہت سے لوگ اس جگہ پر موجود تھے لیکن کوئی اس بارے ابھی پولیس سے معلومات کا تبادلہ نہیں کر رہا۔
مقامی میڈیا کے مطابق ٹیلر بریبی جزیرے پر دوستوں کے ساتھ تھا جو برسبین سے 65 کلومیٹر شمال میں واقع ایک مشہور کیمپنگ ایریا ہے جبکہ اسے ریت کے گڑھے سے نکالنے کے لئے تقریباً 15 افراد نے آپریشن میں حصہ لیا۔
ٹیلر کے اہل خانہ نے اس کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسے ہر دن کے ہر منٹ میں یاد کیا جائے گا جبکہ انہوں نے جان بچانے کے لئے ہسپتال کے عملے کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔