امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل تابکاری کے خدشات کے بعد فرانس میں اپنے آئی فون 12 کو اپ ڈیٹ کرے گی۔
فرانس کے ڈیجیٹل وزیر کا کہنا ہے کہ ایپل آنے والے دنوں میں ملک میں صارفین کے لیے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ فراہم کرے گا۔
فرانس میں آئی فون 12 کی فروخت اس وقت روک دی گئی جب ایک ریگولیٹر کو بہت زیادہ برقی مقناطیسی تابکاری کا پتہ چلا، ایپل کو اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔
امریکی ٹیک کمپنی نے کہا کہ نئی اپ ڈیٹ صرف فرانس کے صارفین پر لاگو ہوگی جہاں ایک مخصوص ٹیسٹنگ پروٹوکول موجود ہے۔
فرانسیسی منسٹر کا کہنا تھا کہ ریڈیو فریکوئنسی ریگولیٹر (ANFR) آئی فون 12 کو ملک میں دوبارہ فروخت کی اجازت دینے سے پہلے اس کی تعمیل کی جانچ کرنے کے لیے نئی اپ ڈیٹ کی جانچ کرے گا۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے پہلے موبائل فون سے خارج ہونے والی تابکاری کے خدشات کو دور کرنے کی کوشش کی ہے۔
اے این ایف آر نے ایپل کو بتایا تھا کہ اگر وہ سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے ذریعے اس مسئلے کو حل نہیں کر سکتا تو اسے فرانس میں فروخت ہونے والے ہر آئی فون 12 کو واپس منگوانا پڑے گا۔
یاد رہے کہ آئی فون 12 پہلی بار ستمبر 2020 میں جاری کیا گیا تھا اور یہ اب بھی دنیا بھر میں فروخت ہوتا ہے۔