امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے پر کل دستخط ہونگے، دستخط ہوتے ہی آبنائے ہرمز کو کھول دیا جائے گا، ایران کے ساتھ ہمارا تعلق پہلے سے مختلف اور بہتر ہوگا، اس معاہدے میں کوئی رقم کا تبادلہ نہیں ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ حالات پرامن ہوں گے تو ہم جا کر جوہری مواد بھی کھود کر نکالیں گے، ایران اور مشرقِ وسطیٰ کے ساتھ طویل عرصے تک کام کرنے کے منتظر ہیں،امید ہے یہ عمل تیزی، آسانی اور ہمواری سے مکمل ہوگا، ایسا نہ ہوا تو ہمارے پاس متبادل موجود ہے، امید ہے اس کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
یاد رہے کہ کچھ دیر قبل وزیراعظم شہبازشریف نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ توقع ہے کہ 24 گھنٹوں میں امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے کو حتمی شکل دے دی جائے گی، مذاکرات کیلئے تعاون پر امریکہ اور ایران کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم امن معاہدے کے پہلے سے کہیں زیادہ قریب ہیں،توقع ہے کہ 24 گھنٹوں میں معاہدے کو حتمی شکل دے دی جائے گی،معاہدے کو حتمی شکل دینے کے بعد دستخط کی تیاری کریں گے،معاہدے کے بعد اگلے ہفتے تکنیکی سطح کے مذاکرات ہوں گے،مذاکرات کیلئے تعاون پر امریکا اور ایران کا شکریہ ادا کرتے ہیں،یقین ہے یہ تاریخی امن معاہدہ دیرپا امن کے لیے مضبوط بنیاد ثابت ہوگا۔ پاکستان امن معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کی تیاری کر رہا ہے۔





















