عام انتخابات 2024 میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی سمیت پرنٹنگ سے متعلق کام میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ عام انتخابات کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ادارہ پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان تقریباً دو ہفتے سے اپنے سربراہ سے محروم ہے۔ سابق ایم ڈی ندیم کیانی کو تئیس نومبر کو منصب سے ہٹایا گیا تھا لیکن تاحال نئے ایم ڈی کی تقرری عمل میں نہیں آئی۔
ذرائع کے مطابق پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے انتظامی معاملات سمیت اہم امور التوا کا شکار ہوگئے ہیں۔ پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے الیکشن میں پرنٹنگ سے متعلق کام میں بھی تاخیر کا شکار ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 22 کے افسر ساجد بلوچ کا نام ایم ڈی پرینٹنگ کارپوریشن کے لیے زیرغور ہے۔ وہ اس وقت اسپیشل سیکرٹری کابینہ ڈویژن کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔ اعلی سطح سے منظوری کے بعد ہی ایم ڈی پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کی تقرری عمل میں آئے گی۔