لاہور ہائیکورٹ میں میاں بیوی کے اختلافات سے متعلق ایک انوکھا مقدمہ سامنے آ گیا، بیوی نے جہیز میں ملنے والی گاڑی فروخت کرنے پر شوہر کے خلاف فراڈ اور امانت میں خیانت کا مقدمہ درج کرا دیا، عدالت نے شوہر کی قبل از گرفتاری ضمانت کنفرم کر دی۔
جسٹس طارق محمود باجوہ نے محمد عمیر ریاض کی عبوری درخواست ضمانت منظور کرنے کے حوالے سے چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیافیصلے میں کہا گیا کہ بیوی نے شوہر کے پاس بطور امانت رکھی گئی گاڑی فروخت کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرایا تھا۔ریکارڈ کے مطابق گاڑی بیوی کے نام پر رجسٹرڈ تھی جبکہ شوہر صرف اسے استعمال کر رہا تھادرخواست گزار کے مطابق بیوی نے خاندانی تنازع اور ازدواجی اختلافات کے باعث مقدمہ درج کرایا ، شوہر کے مطابق بیوی سامان جہیز کی واپسی کا دعویٰ پہلے ہی فیملی کورٹ میں دائر کر چکی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ متنازع گاڑی پہلے ہی فیملی کورٹ میں زیر سماعت جہیز کے دعوے کا حصہ بن چکی ہےشکایت کنندہ نے خود فیملی کورٹ میں گاڑی کو جہیز کا سامان قرار دیا تھا،بیوی نے ایف آئی آر میں زیر التوا فیملی مقدمے کا ذکر نہیں کیاریکارڈ کے مطابق گاڑی اب بھی بیوی کے نام پر رجسٹرڈ ہے،عدالت نے قرار دیا کہ مقدمہ بظاہر میاں بیوی کے خراب ازدواجی تعلقات کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم تفتیش میں شامل ہو چکا ہے اور ریکارڈ پر کسی بد نیتی یا بدنوانی کا ثبوت موجود نہیں عدالت نے دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض محمد عمیر ریاض کی عبوری ضمانت کنفرم کر دی۔






















