گلگت بلتستان میں انتخابی دنگل سجنے کو تیار ہے اور سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں ۔ الیکشن کمپین کے آخری روز استحکام پاکستان پارٹی نے سکردو میں عوامی قوت کا مظاہرہ کیا، آئی پی پی کی جانب سے شاہی پولو گراؤنڈ سے ریلی نکالی گئی جو سکردو کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی راجہ محل پہنچی۔
اسکردو کے شاہی پولو گراؤنڈ میں استحکام پاکستان پارٹی نے پاور شو اور ریلی کا اہتمام کیا، استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار راجاجلال نے ریلی کی قیادت کی ، ریلی میں استحکام پاکستان پارٹی کے رہنماؤں نے خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر راجا جلال کا کہنا تھا کہ عوام نے الیکشن کا فیصلہ ریلی میں ہی سنادیا ، سات جون کو آئی پی پی کی جیت یقینی ہے ، اقتدار میں آکر استحکام پاکستان پارٹی کے منشور کے مطابق گللگت بلتستان کے تمام بنیادی مسائل حل کریں گے ۔
ریلی میں شرکاء کی جانب سے رقص کیا گیا اور آئی پی پی کے حق میں نعرے لگائے ، انتخابی ریلی میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، ریلی کا شہر کے مختلف چوک چوراہوں پر شاندار استقبال کیا گیا اور پھول نچھاور کئے گئے ۔






















